ایئر ہوسٹس کو ہراساں کرنے پر ماڈل عبیر کے شوہر کو برطانیہ میں قید کی سزا

لندن: معروف ماڈل عبیر افتخار کے شوہر سلمان افتخار کو برطانیہ کی عدالت نے 15 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
نجی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین سلمان افتخار پر الزام تھا کہ انہوں نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے لاہور جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز کے دوران ایک ایئرہوسٹس کو شدید ہراساں کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق سلمان افتخار فضائی سفر کے دوران نشے کی حالت میں تھے اور اپنی پہلی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ سفر کررہے تھے۔
پرواز کے دوران سلمان نے ایئرہوسٹس کو نہ صرف ہراساں کیا بلکہ اسے اجتماعی زیادتی کی دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ وہ اس کا جسم آگ لگاکر جلادیں گے۔ اس واقعے کے بعد متاثرہ خاتون شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہوئی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے اور ایک بزنس مین ہونے کے باوجود سلمان افتخار کی سزا کو ایک اہم قانونی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ سلمان افتخار برطانیہ میں دو ملین پاؤنڈ کے عالیشان گھر میں اپنی پہلی بیوی اور بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ پانچ سال قبل انہوں نے پاکستانی ماڈل عبیر افتخار سے دوسری شادی کی تھی، جس کے بعد عبیر نے ماڈلنگ کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

 

15th month PrisonsAbeer IftikharHarass Air hostesshusbandPakistani ModelSalman IftikharUK