ہرارے: زمبابوے کے 66 سالہ شہری مشیک نیانڈرو 17 ویں شادی کی تیاری کررہے ہیں، جن کی پہلے ہی 16 بیویاں اور 151 بچے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق زمبابوے کے شہری مشیک نیانڈرو کا کہنا ہے کہ وہ بیویوں کی تعداد 100 اور بچوں کی تعداد ایک ہزار تک لے جانا چاہتے ہیں جب کہ ان کی پہلے ہی 16 بیویاں اور 151 بچے ہیں اور 17 ویں شادی کی تیاری کررہے ہیں جو سال کے آخر میں ہوگی۔
مشیک پیشے کے اعتبار سے ریٹائر فوجی ہیں، اب کوئی ملازمت نہیں کرتے اور نہ ہی کسی قسم کا کاروبار کرتے ہیں۔ مشیک نیانڈرو کا کہنا ہے کہ کُل وقتی ملازمت 16 بیویوں کو خوش رکھنا ہے۔ زیادہ شادیاں میرا ایک پروجیکٹ تھا جسے 1983 میں شروع کیا اور آخری شادی 2015 میں ہوئی تھی، تاہم یہ سلسلہ دوبارہ شروع کررہا ہوں اور اپنی موت تک جاری رکھوں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2015 سے اب تک شادی نہ کرنا مالی مشکلات کے باعث ہی تھا، لیکن اب بچے کمارہے ہیں۔ 6 فوج میں، 2 پولیس میں اور 11 دیگر اداروں میں ملازم ہیں، اس کے علاوہ 93 ایکڑ اراضی ہے جس پر کاشت کاری کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ مشیک کے گھر میں جلد مزید 2 بچوں کا اضافہ ہونے والا ہے۔