لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
مصباح الحق کے پاس قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے عہدے تھے، تاہم انہوں نے اب چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے مختلف باتیں کی جارہی ہیں لیکن ان میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ عہدہ چھوڑنے کی وجہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی یا وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہیں بلکہ یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا آئندہ 10 سال میں 10 کمٹمنٹس ہیں اس لیے یہ عہدہ چھوڑ رہا ہوں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجھے یہ آپشن دیا تھا کہ چاہیں تو ایک عہدہ چھوڑ دیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر کی ذمے داری 30 نومبر تک نبھاؤں گا، آئندہ کوچنگ پر فوکس رکھوں گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ دو بڑے عہدے ہونے کی وجہ سے مصباح الحق پر دباؤ بھی تھا اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بھی جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق اس وجہ سے ناخوش بھی تھے کہ جو لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے انہیں سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنادیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ مصباح الحق کو گزشتہ برس پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے ساتھ قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر بھی بنایا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا اس حوالے سے کہنا تھا یہ ایک اچھا فیصلہ ہے کیونکہ اگر ایک ہی شخص کے پاس ذمے داریاں ہوں گی تو خراب پرفارمنس پر ان ہی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔