سان فرانسسكو: میٹا کمپنی نے ڈی سینٹرلائز قسم کے مائیکرو بلاگنگ نیٹ ورک پر کام کا آغاز کردیا ہے، جسے پی 92 کا خفیہ نام دیا جارہا ہے۔
کم از کم تین معتبر ویب سائٹ سے اس کی تصدیق ہوئی ہے کہ فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا نے صرف ٹیکسٹ اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر کام شروع کردیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ ڈی سینٹرلائزڈ سوشل نیٹ ورکنگ پروٹوکول ’ایکٹویٹی پب‘ استعمال کیا جائے گا۔
منی کنٹرول اور پلیٹ فارمر نامی ویب سائٹ نے سب سے پہلے اس کی خبر دی تھی لیکن دلچسپ بات کہ خود میٹا نے بھی اس نئی پیش رفت پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ٹیکسٹ اپ ڈیٹس کے لیے ایک ڈی سینٹرلائزڈ سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم پر کام کررہے ہیں۔ اس کا مقصد عوامی طور پر مقبول شخصیات اور تخلیق کاروں کے لیے ٹیکسٹ کی بدولت اپ ڈیٹ کی تفصیلات فراہم کرنا ہے۔
اس کی ایپ پر کام جاری ہے اور انسٹاگرام کے سربراہ، ایڈم میسوری اس پر کام کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے بعض ناپسندیدہ فیصلوں سے ٹویٹر کی مقبولیت کم ہوئی ہے۔ اس کے متبادل میں کئی پلیٹ فارم سامنے آئے جن میں ٹی ٹو، مسٹوڈون اور پوسٹ وغیرہ شامل ہیں۔ پھر ڈی سینٹرلائزیشن کی وجہ سے ان کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اب اگر میٹا اس ایپ کو اچھی طرح پیش کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پی 92 ٹویٹر کا بہترین متبادل بن سکتی ہے۔