بارسلونا: بارسلونا کی نمائندگی کرتے ہوئے سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز رکھنے والے لیجنڈ فٹ بالر لیونل میسی نے اپنے کلب کو نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیونل میسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ٹیم کے لیے یہ ممکن نہیں کہ معاہدے کی رقم کو ادا کرسکے اور میں نہیں چاہتا کہ جس کلب سے میں محبت کرتا ہوں اس کا عدالت میں سامنا کروں۔
خیال رہے کہ 33 سالہ لیونل میسی نے بارسلونا کو بھیجے گئے ایک فیکس میں کہا تھا کہ معاہدے کی اس شق پر عمل کیا جائے جس کے تحت وہ بغیر کسی ادائیگی کے کلب کو چھوڑنے کا حق رکھتے ہیں۔ تاہم کلب کی جانب سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر وہ ہمیں چھوڑنا چاہتے ہیں تو 700 ملین یورو کی رقم ادا کردیں۔
میسی کی جانب سے کہا گیا کہ میں پُرامید تھا کہ بارسلونا مجھے بغیر ادائیگی کے رخصت دے دے گا کیونکہ کلب کے صدر سیزن کے اختتام پر ہمیشہ کہتے تھے کہ میں ٹھہرنے کا ٹیم کو چھوڑنے کا فیصلہ کر سکتا ہوں۔
میسی کا کہنا تھا کہ اب میں نے کلب کا بدستور حصہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ بارسلونا کلب کے سربراہ کی جانب سے مجھ پر واضح کردیا گیا ہے کہ اگر میں ٹیم کو چھوڑنا چاہتا ہوں تو اس کے لیے مجھے 700 ملین یورو ادا کرنے ہوں گے جو میرے لیے ممکن نہیں۔