نئی دہلی: ممتاز مذہبی اسکالر اور متعدد کتابوں کے مصنف، مولانا وحید الدین انتقال کر گئے۔ وہ کورونا میں مبتلا تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔
تفصیلات کے مطابق ہندوستان سے تعلق رکھنے والے معروف مذہبی اسکالر، مولانا وحید الدین انتقال کر گئے۔
ان کا پورا نام وحید الدین خاں تھا۔ وہ یکم جنوری 1925 کو اعظم گڑھ، اتر پردیش بھارت میں پیدا ہوئے۔
وہ مدرسۃ الاصلاح اعظم گڑھ سے فارغ التحصیل تھے۔ ان کا شمار برصغیر کے نمایاں مفکرین میں ہوتا تھا۔ وہ اسلامی مرکز نئی دہلی کے چیرمین، ماہ نامہ الرسالہ کے مدیر رہے۔
ان کی تحریریں بلا تفریق مذہب و نسل، تمام حلقوں میں قابل قبول تھیں۔ وہ اردو، ہندی، عربی، فارسی اور انگریزی جانتے تھے۔ ٹی وی چینلوں میں آپ کے پروگرام نشر ہوتے ہیں۔
مولانا وحیدالدین خاں عام طور پر دانشور طبقہ میں امن پسند اسکالر کے طور پر جانے جاتے تھے۔
ان کامقصد مسلمان اور دیگر مذاہب میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور اسلام کے متعلق غیر مسلموں میں جو غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں، ان کا ازالہ کرنا تھا۔