مریم کے علاج کیلیے نواز شریف کے ذاتی معالج کی پاکستان آمد!

لاہور: ن لیگ کی رہنما مریم نواز کے علاج کے لیے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان لندن سے خصوصی طور پر وطن آئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ چند روز سے مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے، اس باعث انہوں نے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا گلا ایک ہفتے سے خراب تھا، ان کا کورونا کا ٹیسٹ بھی کروایا گیا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی، مریم نواز کو تھائیرائیڈ کا مرض بھی لاحق ہے، ڈاکٹرز نے مریم نواز کو تھائیرائیڈ کا آپریشن بھی تجویز کر رکھا ہے۔
مریم نواز کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر مریم نواز کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے شریف خاندان کے ذاتی چیف معالج ڈاکٹر عدنان خان لندن سے لاہور پہنچے ہیں۔ ڈاکٹر عدنان مریم نواز کا چیک اپ کریں گے۔ ڈاکٹر عدنان کی ہدایت پر مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ لے لیے گئے، ان رپورٹس کی روشنی میں ہی مریم نواز کے آئندہ کے علاج کا طریقہ وضع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عدنان خان نواز شریف کے ذاتی معالج بھی ہیں، ڈاکٹر عدنان مریم نواز کے چیک اپ کے بعد نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔

Arrival in PakistanDoctor Adnan KhanMaryam NawazNawaz sharif