نئی دہلی: یوٹیوب دیکھ کر اپنی سرجری خود کرنے والے بھارتی شہری تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع متھورا میں شہری کو مسلسل علاج اور دواؤں کے استعمال اور اسپتالوں کے چکر کاٹنے کے باوجود پیٹ کے درد میں کمی نہ ہوئی تو اس نے یوٹیوب پر ویڈیو دیکھ کر اپنا آپریشن خود کرنے کی کوشش کی۔ راجا بابو نے یوٹیوب پر مختلف ویڈیوز دیکھنے کے بعد ایک میڈیکل اسٹور سے دوائیں، جراحی کے اوزار، ٹانکے لگانے کا سامان اور سُن کرنے کے انجیکشن خریدے۔ انہوں نے گھر جاکر اپنے کمرے میں آپریشن شروع کیا تاہم کچھ دیر بعد انجیکشن کا اثر ختم ہوتے ہی شدید تکلیف سے چیخنے لگے۔
رپورٹ کے مطابق راجا بابو کی چیخ و پکار سن کر گھر والوں کو واقعہ کا علم ہوا اور انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔ 18 سال قبل راجا بابو کی اپینڈکس کی سرجری ہوچکی ہے تاہم وہ حالیہ دنوں میں دوبارہ پیٹ درد میں مبتلا تھے۔ جب ڈاکٹروں سے علاج کے باوجود آرام نہ آیا تو انہوں نے خود اپنا علاج کرنے کا فیصلہ کیا۔