ماسکو: روسی خاتون نے نئے جوتے خریدنے کے لیے اپنی دو ہفتے کی بیٹی کو بازار میں فروخت کے لیے پیش کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون نئے بوٹ خریدنے کی خواہش مند تھیں اور اُن کے پاس رقم کا بندوبست نہیں ہورہا تھا تو انہوں نے روس کی بلیک مارکیٹ میں دو ہفتے کی بچی کو فروخت کے لیے پیش کیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کی عمر 25 سال اور شناخت لیوزا گڈزہیوا کے نام سے ہوئی جنہیں بازار سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کو اطلاع ملی تھی کہ ایک خاتون نے اپنی نومولود بیٹی کا سودا 3 ہزار پاؤنڈز (6 لاکھ 41 ہزار روپے) میں طے کردیا ہے اور وہ اب خریدار سے رقم وصول کر کے بچی اُن کے حوالے کرنے آرہی ہے۔
پولیس نے اطلاع ملنے کے بعد اسٹنگ آپریشن کیا اور خاتون کو ماسکو میں واقع سینٹر کافی شاپ کے قریب سے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے بچی کو تحویل میں لے لیا۔
ملزمہ نے بتایا کہ اُس کا تعلق ڈیگستان سے ہے اور وہ نئے جوتے خریدنے کی خواہش مند ہے، رقم کا بندوبست نہ ہونے پر اُس نے اپنی بہن سے مشورہ کر کے بیٹی کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
پولیس حکام نے بچی کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا، ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ نومولود کی طبیعت ناساز ہے اور اُسے علاج کی ضرورت ہے۔ خاتون کو ماسکو جیل منتقل کردیا گیا ہے۔