ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان کے مقبول ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے، جس پر مداحوں اور چاہنے والوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
عمر شاہ کو عوام نے پہلی بار احمد شاہ کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں دیکھا تھا۔ ان کی معصومیت، معیاری انداز اور بھائی کے ساتھ دل موہ لینے والے کلپس سوشل میڈیا پر بارہا وائرل ہوئے، جس نے عمر کو بھی ایک چھوٹی عمر میں مقبولیت کی بلندیوں تک پہنچایا۔
پیر کی صبح احمد شاہ نے اپنے مصدقہ فیس بک اکاؤنٹ سے یہ افسوس ناک خبر شیئر کی کہ ان کے بھائی عمر شاہ دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔ ابتدائی پوسٹ میں انتقال کی وجہ واضح نہیں کی گئی تھی، تاہم بعد میں خاندان کی جانب سے عمر کی موت کی تفصیلات سامنے آئیں۔
لواحقین کے مطابق، عمر بالکل ٹھیک تھے اور کسی بڑی بیماری میں مبتلا نہیں تھے۔ تاہم رات کو اچانک طبیعت خراب ہوئی، قے آئی اور قے کے باعث کوئی چیز ان کی سانس کی نالی میں چلی گئی۔ فوراً انہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکے اور صبح فجر کے وقت انتقال کرگئے۔
یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں عمر کی آنکھوں کی سرجری ہوئی تھی، مگر ان کا حالیہ انتقال اس سے منسلک نہیں بتایا گیا۔
ننھے عمر شاہ کی ناگہانی موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ مداحوں کو بھی شدید غم زدہ کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا ہے اور ہر کوئی اس معصوم بچے کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کر رہا ہے۔