عوامی مسائل کے حل میں ناکامی پر کم جونگ ان آبدیدہ!

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے سربراہ حکومت کم جونگ ان ورکرز پارٹی کی سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ سے خطاب کے دوران عوام کی مشکلات حل کرنے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حکمراں جماعت ورکرز پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے ایک تقریب میں فوجی پریڈ سے خطاب کے دوران کم جونگ ان عوام کا معیار زندگی بہتر نہ کرپانے کا اعتراف کرتے ہوئے روپڑے۔
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا کہ عوام کا مجھ پر آسمان کی طرح بلند اور سمندر جتنا گہرا اعتماد ہے لیکن میں اُنہیں اطمینان بخش زندگی گزارنے کی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا ہوں۔ اس موقع پر ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے اور انہیں چشمہ اتار کر آنسو پونچھنے پڑے۔
کم جونگ ان نے کورونا وبا کے ہنگامہ خیز دور میں ملک کی بہتر رہنمائی نہ کرپانے میں ناکامی پر بھی معافی مانگی۔ اپنے طاقتور حکمراں کو روتا دیکھ کر شمالی کوریا کے فوجی بھی آبدیدہ ہوگئے اور اپنے ملک و حکمراں کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
کم جونگ ان نے اپنے دادا اور والد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مجھے ملک کی ذمے داری سونپی گئی لیکن میری تمام کوششیں اور اخلاص عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئیں۔

#Crying#kim jong un