لاہور: غیر ملکی اقامہ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو نیب نے دستاویزات سمیت طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب لاہور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کو غیر ملکی اقامہ کیس میں دوبارہ نیب آفس طلب کرلیا، انہیں نیب نے دستاویزات سمیت آج طلب کیا ہے۔
نیب نے طلبی نوٹس میں کہا کہ خواجہ آصف متحدہ عرب امارات میں 2004ء سے 2018ء تک ایک الیکٹرک کمپنی کےکنسلٹنٹ رہے، لیگی رہنما 2004ء سے 2017ء کے دوران اقامہ کی کاپیاں اور ملازمت کے لیے دی گئی درخواست کی کاپی ہمراہ لائیں۔ نیب نے نوٹس میں خواجہ آصف کو ملازمت کی نوعیت، تنخواہ کے چیکس، ایمپلائز فائل کی تصدیق شدہ کاپی اور اختتامی تفصیلات ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف نے بطور کنسلٹنٹ کتنی تنخواہ وصول کی اور رقم کس بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوئی بتایا جائے، رقم کس چینل کے ذریعے پاکستان منتقل کی گئی تفصیلات بتائی جائیں، بطور کنسلٹنٹ کمپنی کی جانب سے کیا کیا سہولتیں ملیں، کمپنی کو دی گئی نوکری کی درخواست اور اقامہ ایگریمنٹ ہمراہ لائیں، اقامہ کی مدت میعاد کب ختم ہوئی تفصیلات بتائیں۔