لاہور: نیب دستاویزات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع کرانے والے 4 افراد نے بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ تحقیقات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے خلاف نیب نے اہم انکشافات کیے ہیں۔ نیب دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کیس میں 4 افراد نے نیب کو بیانات ریکارڈ کرادیے ہیں۔
نیب دستاویزات کے مطابق لاہور میں نجی بینک کے چپڑاسی انوار الرحمٰن نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں 28 ملین سے زائد رقم جمع کرائی اور چپڑاسی کے مطابق اس نے اپنے سینئر افسران کے کہنے پر خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ بھتیجے خواجہ سلطان عزیز نے چچا خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں 20 ملین جمع کرائے، خواجہ سلطان کے مطابق خواجہ آصف کی ہی رقم ان کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی۔
سابق وفاقی وزیر کے 30 سال پرانے سیاسی ورکر رانا عبدالوحید نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں 30 ملین جمع کرائے اور رانا عبدالوحید کے مطابق خواجہ آصف کی دی ہوئی رقم ہی ان کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی جب کہ سرمد اعجاز نامی سیاسی ورکر نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ سے 5 ملین روپے نکلواکے خواجہ آصف کے حوالے کیے، خواجہ آصف کے پاس یہ ساری رقم کہاں سے آئی، وہ نیب کو تاحال اس کا جواب نہیں دے سکے۔