لندن: برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل سے متعلق خبر دینے والی برطانوی صحافی آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میگھن مارکل نے کیٹ مڈلٹن کو رونے پر مجبور کردیا تھا۔
گزشتہ دنوں امریکی ٹی وی چینل کی معروف میزبان اوپرا ونفرے کو انٹرویو کے دوران تہلکہ خیز انکشافات کرنے والی میگھن مارکل نے کیٹ مڈلٹن پر الزام عائد کیا تھا کہ ماضی میں کیٹ مڈلٹن نے اُنہیں رُلایا تھا اور اُن کے ساتھ نسل پرستی اور تعصبانہ رویہ اختیار کیا تھا۔
اس حوالے سے برطانوی صحافی کیملا ٹومینی میگھن مارکل کے بیان کی تردید کرتے ہوئے اپنے دعوے پر اب بھی قائم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میگھن مارکل نے کیٹ مڈلٹن کو رونے پر مجبور کردیا تھا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 2018 میں اپنی رپورٹ میں دونوں شاہی خاندان کی بہوؤں کے درمیان تناؤ کو منظرعام پر لانے والی صحافی کا برطانوی میڈیا کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہنا ہے کہ وہ آج تک اپنی اس خبر پر قائم ہیں۔
برطانوی صحافی کیملا ٹومینی کا کہنا تھا کہ میگھن مارکل کی جانب سے اپنی شادی کے دوران کیٹ مڈلٹن کو رُلایا گیا تھا۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کی تبصرہ نگار اور صحافی کیملا ٹومینی کی جانب سے میگھن مارکل کے انٹرویو کے ردعمل میں کہا گیا کہ 2018 میں جب انہوں نے دعویٰ کیا کہ شاہی بہوؤں میں اختلافات کی جو خبر شائع کی تھی، اس خبر کے ذرائع شاہی خاندان اور محل کی قریبی اوراہم شخصیات تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 میں وہ بھی اس خبر کے سننے کے بعد تذبذب کا شکار تھیں کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے مگر اُن کے ذرائع بہت مستند تھے،اسی بنیاد پر انہوں نے شاہی بہوؤں میں جاری سرد جنگ کی خبر کو شائع کیا تھا۔