اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں 3 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی پاکستان نے بین الاقومی نگرانی میں عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں 3 کشمیریوں 25 سالہ امتیاز احمد، 20 سالہ محمد ابرار اور 16 سالہ ابرار احمد کے ماورائے عدالت قتل کی بین الاقومی نگرانی میں عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نوجوان کشمیری راجوری سے شوپیاں سیب کے باغات میں مزدوری کرنے آئے تھے، ان کے بے رحمانہ قتل پرپردہ ڈالنے کے لیے بھارتی قابض افواج نے انہیں تین نامعلوم دہشت گردوں کا خطاب دیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اپنے جرائم کو مزید چھپانے کے لیے بھارتی قابض افواج نے ان کی نعشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے کے بجائے غیرملکی دہشت گردوں کے قبرستان میں دفن کردیں، ان نوجوانوں کے قتل عام کے دو ماہ بعد بھارتی قابض افواج نے ان کے ماورائے عدالت قتل عام کا اعتراف کیا تھا، ماورائے عدالت قتل عام بھارتی قابض افواج کے ریاستی دہشت گردی کا خاصہ رہا ہے۔