کراچی پھر ڈوب گیا، کرنٹ لگنے سے 5 اموات

کراچی: شہر میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کے نتیجے میں سیلاب کی سی صورت حال پیدا ہوگئی ہے اور شہر لگ بھگ ڈوب سا گیا ہے۔
تسلسل کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوب گئے، اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور نظام زندگی معطل ہوگیا۔ سب سے زیادہ بارش صدر میں 217 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
ناقص انتظامات کے باعث نصف شہر اربن فلڈنگ کی زد میں آگیا۔ ملیرندی سمیت مضافاتی علاقوں کے قریب رہائش پذیرآبادی کو نقل مکانی کرنا پڑی، شہر کی کئی مرکزی اور ذیلی شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی نے معمولات زندگی کو مفلوج کردیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ یہ واقعات تیسر ٹاؤن، لیاری، سائٹ ایریا اور لیاقت آباد میں پیش آئے۔
قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے بارشوں کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عوام گھروں میں رہیں۔
بارشوں کا سلسلہ 26 جولائی تک برقرار رہے گا، دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں نیا مون سون سلسلہ 27 جولائی تک اثرانداز ہوسکتا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے بارش کی وجہ سے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں آج پیر کو عام تعطیل ہے جس کی وجہ سے سرکاری و نجی دفاتر بند ہیں۔

electric shocked casesfive killedkarachiurban flooding