کراچی: مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کی قاتلانہ حملے میں شہادت کے خلاف جمعہ کو ملک گیر مکمل پرامن پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔
کراچی علما کمیٹی کے رہنما و اہلسنت و الجماعت کے صدر مولانا اورنگزیب فاروقی نے پریس کانفرنس میں کراچی علماء کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کی قاتلانہ حملے میں شہادت کے خلافجمعہ کو ملک گیر مکمل پرامن پہیہ جام ہڑتال رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بعد نماز جمعہ کراچی سمیت ملک بھر مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے مظاہرے ہوں گے، علما کمیٹی نے تاجروں، ٹرانسپورٹرز، عوام سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل میں کہا کہ پُرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں۔
اس موقع پر علما کمیٹی کے قائم مقام سربراہ مولانا اقبال اللہ، قاری اللہ داد، مولانا حماد مدنی مولانا تاج حنفی، مولانا رب نواز حنفی و دیگر علمابھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قتل میں ملزمان کی عدم گرفتاری حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے، پُرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے، ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے اہم سیاسی، دینی جماعتوں، کاروباری و ٹرانسپورٹرز تنظیموں اور علماء نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
علاوہ ازیں اتحاد تنظیمات مدارس کے قائدین نے علما کمیٹی کراچی کی جانب سے ہڑتال کی کال کی حمایت کا اعلان کردیا، مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا مفتی منیب الرحمٰن، علامہ ساجد میر، مولانا عبدالمالک، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا عبدالمصطفیٰ ہزاروی، مولانا ڈاکٹر یاسین ظفر اور مولانا ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مولانا ڈاکٹر عادل اتحاد تنظیمات مدارس کا مشترکہ اثاثہ تھے۔ مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
دریں اثنا وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، مولانا انوار الحق حقانی، مولانا قاضی عبدالرشید، مولانا قاری عبدالرشید،مفتی مطیع اللہ اور دیگر نے کہا کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے۔
جماعت غربا اہلحدیث پاکستان کے علما نے مولانا ڈاکٹر عادل کی شہادت پر دینی جماعتوں کے پُرامن احتجاج ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے، امیرجماعت غربا اہلحدیث پاکستان مولانا عبدالرحمٰن سلفی و دیگر نے مشترکہ بیان میں مولانا عادل کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کو اسلام اور ملک کے خلاف گہری سازش قرار دیا۔