کراچی ٹیسٹ، پاکستان 7 وکٹ سے سرخرو!

کراچی: کراچی ٹیسٹ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا، قومی ٹیم نے 7 سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ نعمان مہمان ٹیم کے لیے تباہی کا پیغام ثابت ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کے چوتھے روز کا آغاز جنوبی افریقا نے 187 رنز 4 وکٹوں کے نقصان سے کیا اور اُن کے چھ کھلاڑی اسکور میں محض 58 رنز کا اضافہ ہی کرسکے۔
اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نعمان علی مہمان ٹیم پر قہر بن کر نازل ہوئے اور اُس کے 5 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے لیے انہوں نے محض 35 رنز دیے۔ یاسر شاہ نے بھی 4 مہرے کھسکائے۔
جنوبی افریقا کی پوری ٹِیم اپنی دوسری اننگز میں 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بواما ہی 40 رنز کے ساتھ چوتھے روز کچھ مزاحمت کرپائے۔ یوں پاکستان کو جیت کے لیے 88 رنز کا ہدف ملا۔ قومی ٹیم نے یہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جب جیت کے لیے محض دو رنز درکار تھے تو بابر اعظم ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ فواد عالم نے چوکا لگا کر وننگ اسٹروک کھیلا۔
جنوبی افریقا اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان نے جواب میں فواد عالم کی شان دار سنچری 109 رنز کی بدولت 378 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔
دوسری اننگز میں مہمان ٹیم 245 رنز تک محدود رہی۔
فواد عالم کو شان دار اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

karachi testNauman AliPakistan vs south africa