جمعرات سے کراچی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات سے شہر قائد میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں خوب برسنے والا سسٹم تو ختم ہوگیا، لیکن اس کے باوجود محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال میں بارش برسانے والے ہوا کے ایک اور کم دباؤ کے سسٹم کی موجودگی کی تصدیق کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ اس نئے سسٹم کے تحت کراچی میں جمعرات سے بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیا ت سردار سرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں بارش برسانے والا ہوا کا کم دباؤ تشکیل پاگیا ہے، ہوا کے کم دباؤ کا رخ مغرب کی جانب ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق مون سون سسٹم کے اثرات سندھ اور ملک کے شمالی علاقوں میں نظر آسکتے ہیں جس کے پیش نظر 9 سے 10 ستمبر کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ہے اور 10 ستمبر کے بعد ایک اور ہوا کا کم دباؤ خلیج بنگال میں بن سکتا ہے، جس کے سندھ پر اثر اندازہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم 8 ستمبر کو صبح و رات میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
اسی دوران 8 ستمبر تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بھی میں بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں7 ستمبر کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 7 سے 11 ستمبرتک جاری رہنے کا امکان ہے، منگل سے ہفتے کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ کشمیر، جہلم، چکوال، لاہور، فیصل آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان، ہری پور، ایبٹ آباد، مردان میں تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

karachimeteorologist departmentpredictionrainThursday