کراچی: کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جولائی میں سخت گرمی کا 38 سالہ پُرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے۔ شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز اور درمیانی بارشیں ہونے کا امکان ہے جب کہ بارش سے قبل آندھی اور گرد آلود تیزہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے دوسرے سلسلے کے تحت جمعے کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، بارش سے قبل شہر میں آندھی اور گرد آلود تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہے۔ مون سون کا دوسرا سلسلہ شہر میں ایک روزہ بارشوں کا سبب بنے گا، بعدازاں سسٹم کمزور پڑنے کے بعد سمندر میں کراچی کے مغربی جانب منتقل ہوجائے گا۔
مون سون کے نئے سلسلے کے باعث جمعرات کی شب شہر کے مختلف علاقوں ملیر، گلستان جوہر، بہادرآباد، پی آئی بی کالونی، گلشن اقبال، طارق روڈ، لسبیلہ، گولیمار جب کہ اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں گارڈن، رنچھوڑ لائن جب کہ سولجر بازار میں کہیں بوندا باندی، پھوار اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، چند مقامات پر تیز بارش بھی ریکارڈ ہوئی، گزشتہ رات سب سے زیادہ بارش گلستان جوہر میں 12.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔