کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش: اربن فلڈنگ کا اندیشہ!

کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش برس رہی ہے، شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
کراچی میں بدھ کی سہ پہر کے بعد مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مشرقی سندھ میں موجود ہوا کا کم دباؤ جنوب کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث سندھ اور پنجاب کے جنوبی علاقوں میں یکم سے 3 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ ہوا کا کم دباؤ کراچی کے قریب جنوب سے مشرق تک پھیلا ہوا ہے، لیکن ہوا کے کم دباؤ کی رفتار انتہائی سست ہے، آج دوپہر میں تھنڈر سیلز بننے کا امکان ہے، جس کے باعث 2 اور 3 ستمبر کو اچھی بارش ہوسکتی ہے جب کہ شہر میں 4 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں تیز اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے جس کے باعث کراچی، ٹھٹھہ اور بدین کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا ایک اور کم دباؤ 6 ستمبر تک خلیج بنگال میں بن سکتا ہے جس کے باعث 8 اور 9 ستمبر تک ایک اور مون سون اسپیل سندھ میں برس سکتا ہے۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر بارشوں سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے اور ایئرپورٹ کی حدود میں جہازوں کو محفوظ جگہ پر پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے الرٹ میں کہا گیا کہ جہازوں کے ساتھ وزن باندھا جائے تاکہ طوفانی ہواؤں سے جہاز دیگر جہازوں سے ٹکرانے سے محفوظ رہیں۔
سی اے اے نے جہازوں کی محفوظ لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے برڈ شوٹرز تعینات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

karachimeteorologist departmentrainurban flooding