کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر میں صبح، دوپہر اور شام کے علاوہ رات کے تین بجے بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ فالٹس کی مرمت کے نام پر بھی 12 ، 12 گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی کوئی پرسان حال نہیں اور بجلی منقطع رہتی ہے۔
سرجانی ٹاؤن کی بدترین صورت حال ہے جس کے مختلف سیکٹرز میں 10 سے 15 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ نیوکراچی میں بھی 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے۔
لانڈھی اور کورنگی میں بھی 10 سے 12 گھنٹے کی بجلی کی بندش سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے۔ کیماڑی، گلشن سکندرآباد، شیریں جناح کالونی میں گیارہ گیارہ گھنٹے بجلی غائب ہے۔
گلشن اقبال کے مختلف بلاکس، عیسیٰ نگری، گلستان جوہر، صفورا کے علاقوں میں عوام کا جینا دوبھر ہوکر رہ گیا۔ گلشن حدید، عیدو گوٹھ، پپری، گھگھر پھاٹک سمیت ملیر کے مختلف گوٹھوں کے رہائشی بھی اذیت میں مبتلا ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، مہاجر کیمپ، مواچھ گوٹھ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔