کراچی: شہر قائد میں موسم سرد ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور مزید سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں درجہ حرارت 11.1 ڈگری تھا جو مارچ کے معمول سے 8.3 ڈگری کم ہے جب کہ ایک دو روز سندھ میں درجہ حرارت مارچ کے معمول سے 10 ڈگری کم رہے گا، کراچی میں مارچ کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 19.4 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جب کہ جمعہ سے درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 5 مارچ کو بلوچستان پر اثرانداز ہوسکتا ہے، بلوچستان پر اثرانداز ہونے والے سسٹم کے زیر اثر سندھ میں بارش کا امکان نہیں، 11مارچ کو مغربی ہواؤں کا سسٹم بھی ملک پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے، مارچ کے سسٹم سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی قبل ازوقت ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں شدید سردی کی لہر میں 6 مارچ سے کمی آنے کا امکان ہے۔