کراچی: شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجا جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ڈیفنس میں ویگو گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو زخمی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اور مقتول کا بیٹا شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی اور اطراف میں لگ بھگ 2 درجن سے زائد گولیاں لگیں جب کہ فائرنگ کے واقعے میں الٰہی بخش ابڑو محفوظ رہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق گاڑی میں سوار افراد ڈیفنس خیابان شمشیر سے ڈیفنس فیز7 جارہے تھے، جنہیں ایک سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے چاروں طرف سے گھیر کر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں 2 قسم کا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے، واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم اور بڑے اسلحے کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔