ڈھاکا: ایک دہائی قبل بنگلادیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کے صاحبزداے کو اغوا کرکے قتل کرنے کی سازش کے الزام میں صحافیوں 88 سالہ شفیق الرحمان اور 70 سالہ محمود الرحمان کو 7 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قید کی سزا پانے والے دو بزرگ صحافیوں کا تعلق ایک بنگلادیشی اخبار سے ہیں۔ ان دونوں صحافیوں کے ساتھ 3 دیگر افراد کو بھی پانچ پانچ سال کی قید کی سزا سنائی گئی۔
5 سال قید کی سزا پانے والے دونوں صحافیوں کو 2013 میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعدازاں علاج کے لیے ضمانت پر بیرون ملک بھی بھیجا گیا تھا، تاہم دونوں نہیں لوٹے۔ اس لیے ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی۔
صحافی شفیق الرحمان بنگلادیش کی اپوزیشن جماعت کے حامی اور حکومت کے شدید ناقد کے طور پر جانے جاتے تھے اور اپنی گرفتاری سے قبل وہ اپوزیشن جماعت کے مشیر بھی تھے۔
ان پانچوں افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بڑے صاحبزادے سجیب واجد کو ایک دہائی قبل امریکا میں اغوا کرکے قتل کرنے کی سازش کی۔
بنگلادیش کو حکومت مخالف رہنماؤں کو پھانسی، عمر قید اور دیگر سزائیں دینے پر عالمی تنقید کا سامنا ہے۔ 2022 کی ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں بنگلادیش کا نمبر روس اور افغانستان سے بھی نیچے یعنی 162 واں تھا۔