کراچی: گزشتہ روز بانیٔ پاکستان کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ قائداعظم محمد علی جناح ایسی شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے انتھک کاوشیں کیں جو ایک الگ اور آزاد وطن کی صورت رنگ لائیں۔
قائداعظم کی صلاحیتوں کا اعتراف اپنے ہی نہیں غیروں نے بھی خوب کیا ہے، جہاں ملک عزیز میں کئی عمارتیں، یادگاریں، ادارے، آبادیاں اور شاہراہیں وغیرہ اُن سے منسوب ہیں، وہیں دُنیا کے مختلف ممالک میں بھی کئی شاہراہیں آپ کے نام سے اپنا وجود رکھتی ہیں۔ ایران کے دارالحکومت تہران کی ایک معروف شاہراہ قائداعظم سے منسوب کی گئی، اس کا نام محمد علی جناح ایکسپریس وے ہے۔ اسی طرح عمان (اردن) میں محمد علی جناح اسٹریٹ، نیویارک (امریکا) میں محمد علی جناح وے، شکاگو (امریکا) میں محمد علی جناح وے، ریاض (سعودی عرب) میں محمد علی جناح روڈ، برمنگھم (برطانیہ) میں جناح کلوز، جناح روڈ ووسٹر شائر (برطانیہ) میں بانیٔ پاکستان کے نام سے منسوب ہیں۔ حتیٰ کہ بھارت تک میں جناح ٹاور (آندھرا پردیش)، جناح ہاؤس (ممبئی) اور محمد علی جناح ہاؤس (دہلی) جیسے مقامات آپ سے منسوب کیے گئے ہیں۔