مرد عورت میں سے کسی ایک کو گنہگار ٹھہرانا غلط ہے، عدنان صدیقی

کراچی: ٹی وی ڈراموں کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ مرد چاہے کتنا ہی بڑا بدمعاش کیوں نہ ہو، عورت کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا۔
عدنان صدیقی نے نجی ٹی وی پر انٹرویو دیتے ہوئے اپنے مشہور ڈرامے میرے پاس تم ہو میں اپنے کام کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں اچانک میرے پاس تم ہو ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی اور انہیں بتایا گیا کہ ڈرامے کا اسکرپٹ 6 سال قبل لکھا گیا تھا اور انہیں اسکرپٹ لکھے جانے کے وقت ہی کردار کے لیے فائنل کیا گیا تھا۔
یہ انکشاف بھی عدنان نے کیا کہ انہوں نے ڈرامے میں کام کرنے کی ہامی بھرتے وقت تک اسکرپٹ نہیں پڑھا تھا لیکن جب ہمایوں سعید نے دو ٹکے کی عورت کے ڈائیلاگ کا منظر شوٹ کروایا تب انہوں نے پورا اسکرپٹ پڑھا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں دونوں صنفوں یعنی مرد و خواتین میں برے لوگ پائے جاتے ہیں، لیکن دنیا کا کوئی بھی کتنا ہی بدمعاش مرد کیوں نہ ہو، وہ عورت کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ خاتون کی جانب سے تھوڑی سی اجازت ملتی ہے تو مرد کچھ زیادہ کرلیتا ہے۔ عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں مرد اور عورت دونوں کا گناہ ایک جیسا ہی نقصان کار ہوتا ہے اور دونوں پر برابر ذمے داری عائد ہوتی ہے، اس لیے کسی ایک کو گنہگار ٹھہرانا غلط ہے۔

Adnan siddiquiInterviewMere Pass tum hoSenior Actor