اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں آئی ٹی برآمدات 35 فیصد اضافے سے 1 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں شزا فاطمہ نے بتایا کہ رواں مالی سال 2024-2025 کے پہلے چار ماہ میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات میں 34.9 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جولائی تا اکتوبر آئی ٹی برآمدات 1.206 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں آئی ٹی برآمدات 894 ملین ڈالرز تھیں۔
وزیر مملکت کے مطابق اکتوبر 2024 میں آئی ٹی کی برآمدی ترسیلات میں 330 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے جب کہ گزشتہ سال ماہ اکتوبر کے مقابلے میں 38.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال اکتوبر میں آئی ٹی برآمدات 238 ملین ڈالرز تھیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں، ایس آئی ایف سی کی بھرپور معاونت سے وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، آئی ٹی انڈسٹری آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔