تل ابیب: اسرائیل نے سعودی عرب سے حج کے لیے براہ راست پروازوں پر بات چیت کا انکشاف کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ حج کی براہ راست پروازوں کے لیے سعودی عرب کو درخواست جمع کرائی ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ تاہم ابھی یہ مسئلہ زیر بحث ہے اور میں اس وقت یہ نہیں بتاسکتا کہ کیا کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔ میں پُرامید ہوں کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھاسکتے ہیں۔
اگر سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو حج کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل جاتی ہے تو یہ پروازیں آئندہ ماہ جون سے اگست تک فعال ہوجائیں گی اور اس سے اسرائیل میں رہنے والی 18 فیصد مسلم آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔
خیال رہے کہ سابق اسرائیلی وزیراعظم یائر لیپیڈ نے بھی گزشتہ برس سعودی عرب سے حج کی براہ راست پروازوں کے لیے درخواست کی تھی جب کہ ایک امریکی حکام نے بھی نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر اسرائیل کو براہ راست پروازوں کی اجازت مل جائے گی۔
تاہم سعودی عرب نے رابطہ کرنے پر براہ راست حج پروازوں سے متعلق اسرائیل کی درخواست پر رائٹرز کو مؤقف دینے سے انکار کردیا تھا۔
دھیان رہے کہ اسرائیل اور فلسطین سے مسلمان اس وقت تیسرے فریق ممالک کے ذریعے مکہ جاتے ہیں، جو اضافی اخراجات اور پریشانی کا باعث بنتا ہے۔