بھارتی بورڈ اور کھلاڑیوں کی جیبیں بھرنے کیلیے آج آئی پی ایل کا آغاز!

ابوظبی: آج انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آغاز ہوگا۔اس کا مقصد بھارتی کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کی جیبیں بھرنا معلوم ہوتا ہے۔
شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں آئی پی ایل کے پہلے روز دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کا مقابلہ ہوگا، 2020 میں لیگ کا 13واں ایڈیشن ابتدائی پروگرام کے مطابق 29 مارچ کو شروع ہونا تھا لیکن بھارتی بورڈ نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا تھا۔
بھارت میں کورونا کے حوالے سے اب بھی صورت حال بہتر نہیں، متاثرین کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے، آئی پی ایل کی منسوخی سے بھارت کو ممکنہ طور پر 534 ملین کا خسارہ ہوسکتا تھا، رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کو بھی موخر کیا جاچکا، جس کے بعد ستمبر میں آئی پی ایل کے انعقاد کی راہ ہموار ہوپائی۔
یو اے ای میں لیگ کے میچز بائیو سیکیور ببلز میں منعقد کیے جائیں گے، خالی اسٹیڈیمز میں انعقاد ممکن ہوپائے گا، البتہ منتظمین کو امید ہے کہ اختتامی مراحل میں خلیجی حکام کچھ شائقین کو آنے کی اجازت دے سکتے ہیں، لیگ 10 نومبر کو مکمل ہوگی۔
بھارتی بورڈ کے چیف سارو گنگولی کا خیال ہے کہ لیگ کے میچز منعقد ہونے سے بھارت میں لوگوں کی زندگی عمومی انداز میں واپس آنے میں مدد مل سکے گی، شائقین گھروں کی ٹی وی اسکرینز پر یہ مقابلے براہ راست دیکھ پائیں گے، براڈ کاسٹر کو قوی امید ہے کہ اس دوران انہیں بہتر ریٹنگ میسر آئے گی۔
اس سے قبل 2009 کی آئی پی ایل کا جنوبی افریقہ میں انعقاد ہوا تھا، اس وقت بھارت میں عام انتخابات کی وجہ سے نیوٹرل وینیو چنا گیا، لیگ میں شرکت کیلیے نامور غیر ملکی اسٹارز بھی خلیجی ریاستوں میں پہنچ گئے ہیں، بعض پلیئرز نے ذاتی مسائل کے سبب لیگ سے دوری بھی اختیار کرلی۔
روہت شرما کی زیرقیادت ممبئی انڈینز اس بار بھی ٹرافی پانے کے لیے پْرعزم ہے، ان کا اسکواڈ انتہائی متوازن شمار کیا جارہا ہے، دوسری جانب چنئی کو رائنا اور ہربھجن کی کمی محسوس ہوگی، ویرات کوہلی رائل چیلنجرز بنگلور کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہیں۔

IPLT 20