فیروزآباد: بھارت میں آئے دن خواتین انوکھی شادیوں کی مثالیں قائم کررہی ہیں، پھر یہ واقعات سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔
بھارتی دلہنیں ماضی کی روایتوں کو توڑتے ہوئے شادی کے مقام تک مختلف انداز میں انٹری دینے لگی ہیں اور ایسے ہی واقعات میں ایک اضافہ بھارتی دلہنوں کی نت نئے انداز میں اپنی ہی بارات لے جانے کی منطق ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر فیروزآباد کے ایک گاؤں میں کاجل نامی دلہن اسکوٹی پر اپنی ہی بارات لے کر شادی کے مقام تک پہنچ گئی اور اسٹیج تک جانے کے لیے دولہا کو اسکوٹی پر پیچھے بھی بٹھایا۔
حیران کن امر کہ دُلہن کاجل کی بارات ان کے شوہر راہول نہیں لائے بلکہ کاجل خود اپنی بارات لے کر راہول کے گھر پہنچیں۔
اسکوٹی پر اپنی ہی بارات لے کر سسرال پہنچنے پر جہاں باراتیوں نے پھولوں سے دُلہن کا استقبال کیا، وہیں کچھ حیران وپریشان بھی نظر آئے۔
منفرد انٹری کے حوالے سے دلہن کاجل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کی نظر میں مرد اور عورت یکساں اہمیت کے حامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ اپنی شادی کو منفرد بنانے کے لیے مختلف انٹری دی۔