واشنگٹن: عالمی سطح پر بھارت کو ایک مرتبہ پھر بڑی سبکی اُٹھانی پڑی ہے۔ امریکا نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے پرزوں کی فروخت پر اعتراض مسترد کردیا۔
واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں پاکستان کو ایف 16 طیاروں کے پرزے فروخت کرنے پر بھارتی اعتراض مسترد کردیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہ پاکستان کا ایف 16 پروگرام دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہے۔ ذمے داری ہے کہ جسے فوجی سامان فراہم کریں اسے مینٹیننس بھی دی جائے۔ پاکستان کے لیے ڈیل پہلے سے فراہم کردہ طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے ہے۔ پاکستان کو نئے طیارے، سسٹم یا نیا اسلحہ فراہم نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی پروگرام ملک یا اس خطے میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بناتا ہے۔ یہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں کہ ان خطرات کو بڑھنے دیا جائے۔ دوستوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اختلافات سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ دنوں پاکستان کو ایف 16 طیاروں کا سامان اور آلات فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔