نئی دہلی: بھارتی کسانوں کے احتجاج کو 6 ماہ مکمل ہوگئے، کاشت کار آج مودی حکومت کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں۔ ہر کسان کے گھر پر سیاہ پرچم لہرادیا گیا، خواتین نے مودی سرکار کی ارتھی جلانے کا پلان بنالیا۔
بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج چھ ماہ سے مسلسل جاری ہے، آج کاشت کار مودی سرکار کے خلاف یوم ِ سیاہ منارہے ہیں۔ سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی اپنے گھر پر کالا جھنڈا لہرادیا۔ ان کا کہنا تھا مودی سرکار پنجاب کی ترقی کو روکنا چاہتی ہے۔
کسان رہنماؤں کا کہنا ہے چھ ماہ کیا چھ سال بھی لگ گئے، متنازع قوانین رد کرواکر ہی لوٹیں گے۔ دلی کے اردگرد غازی پور، سنگھو اور ٹکری بارڈر پر ہزاروں کسان دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
کالے قوانین کے خلاف جاری تحریک میں خواتین کسان بھی مردوں کے شانہ بشانہ ہیں، بھارتی پنجاب میں خواتین نے جگہ جگہ کارنر میٹنگز منعقد کیں۔
اس کے ساتھ ہی جگہ جگہ مودی کے پتلے اور علامتی ارتھیاں بھی نذر آتش کی گئیں۔