بھارت: ٹی راجا کا گستاخانہ بیان، پولیس کا پُرامن مظاہرین پر دھاوا

حیدرآباد دکن: بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کے گستاخانہ بیان کے خلاف مظاہرہ کرنے والے پُرامن مسلمانوں پر ہی پولیس نے دھاوا بول دیا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹی راجا سنگھ کے گستاخانہ بیان کے بعد سے حیدرآباد میں کشیدگی برقرار ہے اور شہر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
ٹی راجا سنگھ کے گستاخانہ بیان کے خلاف بھارتی حیدرآباد میں مسلمانوں کا احتجاج دو روز سے جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس کی جانب سے پُرامن مظاہرین پر بدترین تشدد کیا گیا، پولیس کے لاٹھی چارج سے 10 سے زیادہ نوجوان زخمی ہوگئے۔
دو روز پہلے بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کی گستاخانہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا تاہم انہیں کچھ ہی دیر بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
بی جے پی نے گستاخانہ بیان پر ٹی راجا سنگھ کی پارٹی رکنیت معطل کردی تھی تاہم مسلمانوں نے ہندو انتہا پسند جماعت کے اس عمل کو محض دکھاوا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
چند ماہ پہلے بھی بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما بھی گستاخانہ بیان دے چکی ہیں۔ اُن کے خلاف بھی کوئی بڑی کارروائی دیکھنے میں نہیں آسکی تھی۔

BJP LeaderIndiaInsulting StatementT Raja Sindh