عالمی طاقتیں بھارت کی اسلحہ پالیسی کی حوصلہ شکنی کریں، پاکستان

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مزید اسلحہ خریدنے کی پالیسی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کو بھارت کی اسلحہ پالیسی کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، بھارت ہتھیاروں کا دنیا میں سب سے بڑا درآمد کنندہ بن گیا، جس سے خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری ہے، بھارتی فوج نے علاقائی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر بھی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر میں عیدالاضحیٰ کی نماز پر پابندی کی مذمت کرتا ہے، معاملے کا اقوام متحدہ نوٹس لے کیونکہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عائشہ فاروقی نے بحیرۂ ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کی بھارتی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع کرنے کا ذمے دار ہے، حتی کہ اب بھارت دنیا بھر میں ہتھیاروں کا سب سے بڑا درآمد کنندہ بن چکا ہے۔ پاکستان ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
انہوں نے کل بھوشن معاملے پر کہا کہ بھارتی جاسوس کی تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان آرڈیننس لایا، ساٹھ دن میں کلبھوشن کے وکیل کے لیے بھارت نے ہائی کورٹ سے رجوع کرنا تھا، اتنا وقت گزرنے کے باوجود ایسا نہیں کیا گیا۔

Foreign ministryIndiaPakistan