بھارت کی معروف میوزک کمپنی ‘ٹی پروڈکشن’ کی جانب سے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا گانا یوٹیوب سے ہٹادیا گیا جس کے بعد بھارت میں سوشل میڈیا پر عاطف کے حق میں ٹرینڈز شروع ہوگئے۔
میوزک کمپنی ٹی سیریز کو ہندو انتہا پسند جماعت مہاراشٹرا نیونرمن سینا (ایم این ایس) نے دھمکی دی تھی جس کے بعد کمپنی نے عاطف اسلم کا گانا اپنے یوٹیوب چینل سے ہٹا دیا۔
ٹی سیریز نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا گانا ‘کنا سونا’ اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا تھا جو خوب مقبول ہوا تھا جس کے بعد ہندو انتہا پسند جماعت نے فوراً اس گانے کو ہٹانے کی دھمکی دی تھی۔
بعدازاں کمپنی نے یوٹیوب چینل سے عاطف اسلم کا گانا ہٹانے کے ساتھ ساتھ ہندو انتہا پسند جماعت سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ ایک ملازم نے غلطی سے پاکستانی گلوکار کا گانا اپ لوڈ کردیا تھا۔
اب بھارت میں سوشل میڈیا پر جہاں متعدد صارفین عاطف اسلم کے گانے کو ہٹانے پر خوش ہیں تو وہیں بہت سے لوگ اس بات سے ناراض ہیں اور انہوں نے عاطف اسلم کے خق میں ٹرینڈز شروع کردیے ہیں۔
ارمان شیخ نے ‘انڈیا لوو عاطف اسلم’ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی کی کوئی حدود نہیں اور فنکار صرف ایک ملک کے لیے نہیں ہوتا بلکہ سب کے لیے ہوتا ہے’۔
رجدیپ کہتے ہیں کہ ‘وہ عاطف اسلم کا ہی گانا سن رہے ہیں اور عاطف اسلم ان کے پسندیدہ گلوکار ہیں’۔
سومناتھ نے کہاکہ موسیقی کی کوئی حدود نہیں اور ساتھ ہی انہوں نے عاطف اسلم کے حق میں ہیش ٹیگ استعمال کیا کہ ہم عاطف اسلم کے گانوں کو واپس لانا چاہتے ہیں’۔
ابو ریحان نے کہا کہ ‘بالی وڈ آپ کو بہت یاد کر رہا ہے’۔