لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر بلے باز عمران نذیر نے گزشتہ دنوں اپنی زندگی سے متعلق بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کیریئر کے عروج میں زہر دیا گیا تھا۔
پاکستان کے لیے 8 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 25 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلنے والے عمران نذیر نے پہلی بار گزشتہ برس اپنی بیماری کا انکشاف کیا تھا جب کہ اب انہوں نے مزید تفصیلات بتائی ہیں۔
ایک انٹرویو میں عمران نذیر نے بتایا کہ جب میرا حال میں ایم آر آئی اسکین ہوا تو پتا چلا کہ مجھے ایک انتہائی سست رفتار زہر مرکری دیا گیا تھا، یہ آپ کے جوڑوں تک پہنچتا ہے اور انہیں نقصان پہنچاتا ہے۔ 8 سے 10 سال کے درمیان میرے جوڑوں کا علاج کیا گیا جو قریباً خراب ہوچکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بیماری کے دوران اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا تھا بستر پر نہ ڈال دیجیے گا اور شکر ہے ایسا کبھی نہیں ہوا۔ میں گھومتا پھرتا تھا اور لوگ پوچھتے تھے تم ٹھیک لگ رہے ہو۔ مجھے بہت سے لوگوں پر شک تھا لیکن میں نے کب اور کیا کھایا، میں نہیں جان سکتا، کیونکہ مرکری فوری اثر نہیں کرتا، اس لیے نہیں معلوم کس نے کیا کیا۔
عمران نذیر نے کہا کہ 8-10 سال تک، میرے تمام جوڑوں کا علاج کیا گیا اس دوران میری ساری جمع پونجی ختم ہوگئی تھی، ایک اندازے کے مطابق 12-15 کروڑ روپے خرچ کرچکا تھا۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ ان کے مشکل وقت میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی چٹان کی طرح ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ان کی بہت مدد کی، جب میں شاہد بھائی سے ملا تو میرے پاس کچھ نہیں بچا تھا۔ شاہد بھائی نے ایک دن کے اندر میرے ڈاکٹر کو اس کے اکاؤنٹ میں رقم کردی تھی اور ڈاکٹر کو کہا تھا کہ چاہے کتنے پیسے کی ضرورت ہو، میرا بھائی ٹھیک ہونا چاہیے، میرے علاج پر انہوں نے 40 سے 50 لاکھ روپے خرچ کیے۔