عفت عمر اور علی گل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: اداکارہ و ماڈل عفت عمر اور علی گل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے، سیشن کورٹ لاہور نے سماجی ذرائع ابلاغ پر گلوکار و اداکار علی ظفر کی کردار کشی کے کیس میں عفت عمر اور علی گل پیر کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے ہیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت کا تحریری فیصلہ بھی جاری کیا، جس میں اداکارہ عفت عمر کو ملزمہ قرار دے کر لکھا گیا کہ وہ پیشی پر حاضر نہیں ہوئیں اور اس کا کوئی قانونی جواز بھی پیش نہیں کرسکیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف عبدالرحمان کی عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عفت عمر کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے عدم پیشی پر علی گل پیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

واضح رہے کہ میشا شفیع سمیت دیگر پر الزام ہے کہ انہوں نے علی ظفر کےخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی اور وہ اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہ کرسکے۔ اس کیس کا چالان ایف آئی اے نے عدالت میں جمع کروادیا ہے۔

اس قضیے کی ابتدا اُس وقت ہوئی تھی جب گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے عالمی مہم می ٹو کے تحت علی ظفر پر ہراسمنٹ کا الزام عائد کیا تھا۔