آئی کیپ (ICAP) کے تحت ٹھوس اور پائیدار رپورٹنگ پر سیمینار کا انعقاد

کراچی: انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICAP) کے اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈز بورڈ (ASB) نے سدرن ریجنل کمیٹی کے تعاون سے جمعہ کو ICAP ہیڈ آفس، کراچی میں ٹھوس و پائیدار رپورٹنگ پر سیمینار کا انعقاد کیا۔
سدرن ریجنل کمیٹی کے چیئرمین اسامہ راشد نے مقررین، معززین اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے ICAP اراکین کی پیشہ ورانہ ترقی میں ICAP کی علاقائی کمیٹیوں کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں، ٹھوس و پائیدار رپورٹنگ نے عالمی سطح پر خاصی اہمیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری اداروں نے بہتر کارپوریٹ ساکھ، صارفین کے اعتماد میں اضافے، جدت طرازی حتیٰ کہ رسک مینجمنٹ میں بہتری کی صورت ٹھوس اور پائیدار رپورٹنگ سے فائدہ اٹھایا ہے۔

اس موقع پر چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی خطرات ٹھوس اور پائیدار رپورٹنگ کو سب سے آگے لائے ہیں۔ کاروباری اداروں کو ترقی کرنی ہوگی، ماحولیاتی معیارات کو نافذ کرنا ہوگا اور گرین فنانشل رپورٹنگ کو فروغ دینا ہوگا۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کے لیے ٹھوس اور پائیدار رپورٹنگ کو اپنانا ضروری ہے کیونکہ یہ عالمی میدان میں بقا کے لیے اہم ہے۔ پاکستان نے پائیدار ترقی کے اہداف اور کاروبار کی قانون سازی کی ہے، تاہم ٹھوس اور پائیدار رپورٹنگ سسٹم کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے اور اس شعبے میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ہمیں ای ایس جی کو نافذ کرنے، لائحہ عمل اور صنعت کے لیے رہنما خطوط تیار کرنے کی خاطر عالمی اداروں سے رہنمائی حاصل کرنی ہوگی۔ انٹرنیشنل سسٹین ایبلٹی اسٹینڈرڈز بورڈ (ISSB) کی تشکیل صنعتوں اور دائرہ اختیار میں ٹھوس و پائیدار رپورٹنگ کی مستقل مزاجی اور موازنے کے حصول میں معاون ہوگی۔ فنانس ڈپارٹمنٹ کو تنظیموں میں ESG کے نفاذ کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ اسٹیٹ بینک نے گرین بینکنگ کے رہنما خطوط جاری کیے ہیں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج بہت جلد اقوام متحدہ کے ٹھوس و پائیدار اسٹاک ایکسچینج کے اقدامات میں شامل ہوجائے گا۔ ایس ای سی پی نے ای ایس جی کے لیے لائحہ عمل کا اجرا بھی کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کاروبار ESG کے اہداف اور اہداف کی تشخیص کے لحاظ سے پیچھے ہیں۔ ESG فریم ورک کو تنظیم کی ثقافت کے اندر سرایت کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے انتہائی اہم اور مناسب موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر ICAP کے اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈز بورڈ کی کاوشوں کو سراہا۔

ایف سی اے، چیئرمین اکاؤنٹنگ اسٹینڈرڈ بورڈ فرخ رحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کاروباری شعبوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور وہ رپورٹنگ، شفافیت، اخلاقیات، قانونی تعمیل، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت اور وسائل کے درست استعمال میں قریبی طور پر شامل ہیں۔ انہوں نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ مالیاتی اور ٹھوس دونوں معلومات آج کے سرمایہ کاروں، ریگولیٹرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔ اس سیمینار میں انٹرنیشنل سسٹین ایبلٹی اسٹینڈرڈز بورڈ کے جاری کردہ IFRS سسٹین ایبلٹی ڈسکلوزر اسٹینڈرڈز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ IFRS سسٹین ایبلٹی ڈسکلوژر اسٹینڈرڈ 1، پختگی و پائیداری سے متعلق افشاء کردہ عمومی تقاضوں کو متعین کرتا ہے اور مجوزہ IFRS سسٹین ایبلٹی ڈسکلوزر اسٹینڈرڈ 2 آب و ہوا سے متعلق افشاء کردہ تقاضوں کی وضاحت کرتا ہے۔ ISSB کے جاری کردہ معیار کارپوریٹ پختہ و پائیدار رپورٹنگ کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ فریم ورک بننے کے لیے تیار ہیں۔ ISSB نے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے لیے دو IFRS سسٹین ایبلٹی ڈسکلوزر اسٹینڈرڈز کے ایکسپوزر ڈرافٹ جاری کیے ہیں اور مستقبل میں مزید معیارات جاری کیے جانے کی امید ہے۔ انہوں نے سیمینار میں شرکت کرنے پر شرکاء، مقررین، پینلسٹس بشمول پاکستان بزنس کونسل اور یونی لیور پاکستان کے نمائندوں اور ISSB ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

مقررین نے ISSB کے جاری کردہ ٹھوس و پائیدار رپورٹنگ کے معیارات سے متعلق پریزنٹیشنز پیش کیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ISSB کا قیام سرمایہ کاروں سے متعلق پائیداری کے معیارات کی طرف سفر میں اہم سنگ میل ہے۔ بورڈ کو معروف معیشتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی توثیق حاصل ہے اور یہ پائیداری کی رپورٹنگ کے لیے عالمی بنیاد تیار کرے گا۔ پریزنٹیٹرز نے ISSB کی تجاویز کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ سوال و جواب کے سیشن میں IFRS فاؤنڈیشن اور ISSB کی ٹیم نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ پینل ڈسکشن میں موجودہ ESG رپورٹنگ لینڈ اسکیپ، ISSB کی تجاویز کا عملی اطلاق اور ٹھوس و پائیدار رپورٹنگ میں اکاؤنٹنٹس کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سیمینار کے ذریعے شرکت کرنے والے صنعت کے سرکردہ ماہرین اور کاروباری و پیشہ ور افراد کو پختہ و پائیدار رپورٹنگ کے معیارات پر ISSB کے جاری کردہ مسودے پر بات چیت، بحث کرنے اور عملی حل تلاش کرنے کے لیے عمدہ پلیٹ فارم میسر آیا۔

Chairperson Pakistan Stock ExchangeDr Shamshad AkhtarFarrukh RehmanICAP seminarSustainability ReportingUsama Rashid