آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اعلیٰ سطح کے وفد کا کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں وائس آف سندھ کا دورہ

کراچی: آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے وائس آف سندھ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں وائس آف سندھ کے پیٹرن انچیف عبدالغنی دادا بھوائے کی قیادت میں ادارے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر دانیال جیلانی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس اعلیٰ سطح کے وفد میں شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور سیکریٹری اطلاعات امتیاز وانی شامل تھے۔
دورے کے دوران ڈاکٹر عمیر نے وفد کو وائس آف سندھ کی مختلف سرگرمیوں، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور سماجی شعبے میں خدمات سے آگاہ کیا۔ دونوں جانب باہمی دلچسپی کے مختلف امور، سماجی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور قومی یکجہتی کے فروغ سے متعلق تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے دورے کے بنیادی مقصد سے آگاہ کرتے ہوئے 8 جولائی کو کراچی میں شہید برہان وانی کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی عظیم الشان ریلی کی تیاریوں کے بارے میں بتایا اور وائس آف سندھ کے پیٹرن انچیف عبدالغنی دادا بھوائے کو ٹیم سمیت ریلی میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
غلام محمد صفی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان اور اس کے عوام کی جدوجہد، حمایت اور کاوشوں کو سراہا۔ خصوصاً وائس آف سندھ کی کشمیر کاز کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ کشمیر کاز کی نوجوانوں میں تشہیر کے ساتھ عوامی خدمت، سماجی شعور کی بیداری اور مثبت اقدار کے فروغ کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں امید، اتحاد اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے اور مُلک کا روشن چہرہ دُنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمیر ہارون نے وفد کی آمد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آل پارٹیز حریت کانفرنس مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی توانا آواز ہے اور آزادی کی جدوجہد کو پوری جانفشانی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان شاء اللہ بہت جلد ظلم کا سورج غروب ہوگا اور کشمیری مسلمانوں کو بھارتی تسلط سے ہمیشہ کے لیے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وائس آف سندھ عوام کی خدمت، سماجی ہم آہنگی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات اور تنظیموں کے ساتھ مل کر معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر دانیال جیلانی نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے نوجوانوں کو سرگرم کرنا ہمارا اولین مقصد ہے۔
دورے کے اختتام پر سینئر رہنما شیخ متین نے وائس آف سندھ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جب کہ دونوں جانب باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد نے ادارے کی کامیابی اور ترقی کے لیے دعا بھی کی۔