لاہور: عدالت عالیہ کا بڑا فیصلہ، لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد قاسم خان نے پنجاب حکومت کو قبرستانوں میں مفت تدفین کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے ایک کیس کی سماعت کے لیے 8 صفحات پر مشتمل تحریری عبوری فیصلہ جاری کیا ہے، چیف جسٹس نے احادیث اور بین الاقوامی قوانین کو بھی فیصلے کا حصہ بنایا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں قبرستانوں کی جگہ مختص کرنا لازمی قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت پر سب رجسٹرار پراپرٹیز کو اصلی دستاویزات پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے، کیس کی مزید سماعت 27 جولائی کو ہوگی۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شہری ساری زندگی حکومت کو مختلف اشیاء خریدنے پر ٹیکس ادا کرتا ہے، مرتے وقت بھی اس سے قبر اور دیگر اشیاء کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں، حکومت کو بحیثیت مسلمان روایات اور اسلامی قوانین کی روشنی میں قبرستانوں کے حوالے سے اقدامات کرنے چاہئیں، یہ حکومت کی ذمے داری ہے وہ متعلقہ شہری کی تدفین کا خرچہ اٹھائے، انتظامیہ قبرستان تک تدفین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرے، اس کے علاوہ انتظامیہ قبرستانوں کی دیکھ بھال اور درخت لگانے کے حوالے سے بھی اقدامات کرے۔
عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ پنجاب کے 4 شہروں میں فوری طور پر ماڈل قبرستان قائم کیے جائیں، شہر خاموشاں اتھارٹی کو مکمل اختیارات کے ساتھ فعال کیا جائے، شہر خاموشاں اتھارٹی میں پڑھ لکھے افراد کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے۔