کراچی: شہر قائد میں تیز بارش اور آندھی سے پارہ گر گیا، تاہم تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شیر شاہ کے علاقے میں دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔
آئی آئی چندریگر روڈ اور کیماڑی سمیت کئی مقامات پر تیز بارش ہوئی۔ سرجانی، نیو کراچی اور نارتھ کراچی میں تیز آندھی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ لسبیلہ، حب، گڈانی اور گردونواح میں بھی رم جھم کی اطلاعات ہیں۔
Karachi friends. Be safe ?? pic.twitter.com/VxhtJ5MFk6
— Azam Jamil (@AzamJamil53) May 18, 2021
بارش ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوچکی ہے۔ پی آئی بی، سہراب گوٹھ، صفورا، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی ای سی ایچ ایس، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہ فیصل، نیو کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن میں بھی بجلی معطل ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ شدید موسمی اثرات میں احتیاط برتیں۔ عوام بجلی کے تار، پی ایم ٹی اور انفرا اسٹرکچر سے دُور رہیں۔ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔ بجلی کے تاروں پر درخت گرنے سے پاور انفرا اسٹرکچر متاثر اور تار ٹوٹ سکتے ہیں۔ کنڈے والے علاقوں میں احتیاطی طور پر کچھ مقامات پر عارضی بجلی بند کی جاسکتی ہے۔