حیدرآباد دکن: مسلسل بارشوں سے بھارت میں شدید سیلاب، بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلابی ریلہ رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا جس میں بہہ کر 17 افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہوگئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں مسلسل تین دن سے بارشوں کے بعد آنے والی سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ تروپتی کے معروف مندر میں سالانہ پوجا پاٹ کے لیے آنے والے یاتری بھی سیلاب میں پھنس گئے۔
تیز رفتار سیلابی ریلہ اپنے ساتھ 120 سے زائد افراد کو بہا لے گیا جن میں 3 مسافر بسیں بھی شامل ہیں۔ ایک زیر تعمیر عمارت بارشوں اور طوفانی بارشوں کے باعث برابر والے گھر پر گر گئی جس میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
امدادی کاموں کے دوران 17 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، تاہم تین مسافر بسوں میں موجود 35 سے زائد افراد کو ڈرامائی انداز میں بچالیا گیا، مجموعی طور پر 100 سے زائد افراد لاپتا ہیں اور 20 ہزار سے زائد افراد کو کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
مسلسل موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں چتور اور نیلور اضلاع میں کئی ندیوں، نہروں اور آبی ذخائر میں طغیانی آگئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد دیہات بہہ گئے جب کہ 32 ہزار ہیکٹر سے زیادہ زرعی اور باغبانی کی اراضی کو بھی نقصان پہنچا۔