اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اس وقت حواس باختہ دکھائی دے رہا ہے، ان کے ذمے داران دھمکی آمیز زبان استعمال کررہے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وبا کے حوالے سے جس طرح بھارت نے غیر ذمے دارانہ اقدامات کیے ہیں، ان سے ان کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے، کسان پورے بھارت میں سراپا احتجاج ہیں، اپوزیشن، ٹریڈ یونینز، وکلا اور طلباء بھی اس احتجاج میں شامل ہوچکے ہیں، خدشہ ہے کہ بھارت اس داخلی صورت حال اور اندرونی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے کوئی ناٹک رچاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال کافی بگڑچکی ہے، گزشتہ دنوں ہزاروں کشمیریوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا، دوسری جانب پاکستان دنیا کی پارلیمینٹرینز جمہوریتوں کی توجہ بھارت کے جارحانہ اقدامات کی طرف دلارہا ہے، بھارت اس وقت حواس باختہ دکھائی دے رہا ہے، ان کے ذمے داران دھمکی آمیز زبان استعمال کررہے ہیں، بھارت اپنی توجہ ہٹانے کے لیے کوئی فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری برطانیہ میں 15 پارلیمینٹرینز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ہوگی، اپنے پارلیمینٹرینز، کشمیر کمیٹی کے سربراہ اور اپوزیشن رہنماؤں کو بھی مدعو کیا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی نسل کشی کو اجاگر کرتا رہے گا، ہاؤس آف کامنز، ہاؤس آف لارڈز، یورپین پارلیمنٹ، امریکی کانگریس اور دنیا بھر کی اہم پارلیمنٹس کو بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔