کابل: حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ نے افغانستان نہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی اور سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک مشترکہ ویڈیو بیان جاری کیا، اس موقع پر دونوں نے افغانستان نہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔
حامد کرزئی نے کہا کہ افغانستان میں گلبدین حکمت یار کے تعاون سے بات چیت جاری رکھیں گے اور ملک میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی۔
واضح رہے کہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سابق افغان صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے۔
پہلے برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے تاجک میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اشرف غنی نائب صدر امراللہ صالح کے ہمراہ کابل سے تاجکستان چلے گئے ہیں۔
تاہم تاجکستان نے اشرف غنی کے طیارے کے ملکی فضائی حدود میں آنے اور اترنے کی تردید کی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ افغان صدر کے طیارے کو تاجکستان میں اترنے کی اجازت نہیں ملی جس کے بعد وہ خلیجی ریاست عمان چلے گئے، جہاں سے ان کے امریکا جانے کا امکان ہے۔
اشرف غنی پیسوں سے بھری 4 گاڑیاں اور ایک ہیلی کاپٹر بھی لے گئے۔
روس کا دعویٰ ہے کہ افغان صدر اشرف غنی افغانستان سے فرار ہوتے ہوئے اپنے ساتھ پیسوں سے بھری 4 گاڑیاں اور ایک ہیلی کاپٹر بھی لے گئے۔