گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، فنکار بھی سراپا احتجاج!

کراچی: فرانس کے اخبار چارلی ایبڈو کے شائع کردہ گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے مسلمانوں اور اسلام مخالف بیانات پر جہاں دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، وہیں پاکستان شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی رنجیدہ ہیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں۔
حمزہ علی عباسی نے ٹویٹر پر لکھا کسی بھی مذہب سے اختلاف کرنا یا اس پر تنقید کرنا آپ کا حق ہے لیکن جانتے بوجھتے دانستہ طور پر اشتعال دلانے کے ارادے سے طنز کرنا آپ کا حق نہیں۔ یہ غیر اخلاقی اور غیر مہذب ہے اور ہم مسلمان دنیا کو یہ امن اور مذاکرات کے طریقے سے سمجھا سکتے ہیں۔ قتل، جنگ اور دشمنی سے نہیں۔


احسن خان نے ٹویٹر پر فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے کہا، اگر فرانس واقعی ایک جمہوریہ ہے تو پھر وہاں آزادی ہونی چاہیے، لیکن آزادی کے نام پر دوسرے مذاہب کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔ میں اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی شان میں ہونے والی اس گستاخی پر اپنے پورے دل سے احتجاج کرتا ہوں۔ اب اس چیز کو (گستاخانہ خاکوں کی اشاعت) کو رُکنا ہوگا۔


فیروز خان نے بھی ٹویٹر پر فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا ’’حضرت محمدﷺ سب سے پہلے‘‘ اس کے ساتھ انہوں نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے تمام مسلمانوں سے معافی مانگنے اور فرانسیسی پروڈکٹس کے بائیکاٹ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔


واضح رہے کہ فرانس میں اسلام اور مسلمانوں کے حوالے سے مسلسل نفرت انگیز بیانات اور اقدامات سامنے آرہے ہیں۔ گزشتہ ماہ رسوائے زمانہ اخبار چارلی ایبڈو کی جانب سے ایک مرتبہ پھر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے بعد مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسی دوران فرانسیسی صدر نے ایک تقریب میں اسلام کے بارے میں کہا کہ یہ ایک بحران میں گھرا مذہب ہے اور یہ تاثر بھی دیا کہ مسلمان فرانس میں علیحدگی پسند جذبات کو ہوا دے رہے ہیں۔
خاکوں کی اشاعت کے بعد ایک مقامی اسکول کے بچوں میں توہین آمیز خاکوں کا پرچار کرنے والے استاد کے قتل کے بعد سے صدر میکرون کے بیان نے فرانس میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کی نئی لہر کو جنم دیا جس کے باعث کئی مساجد بند پڑی ہیں اور مسلمانوں پر نفرت انگیز حملے عروج پر پہنچ چکے ہیں۔

#AhsanKhan#BoycottFrenchProducts#FerozeKhan#HamzaAliAbbasi