اسلام آباد: چین کے سفیر سے ملاقات میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ چینی شہریوں کے لیے نئے ویزا کی کم از کم مدت 2 سال کردی، چینی باشندوں کو 48 گھنٹے کے اندر 2 سال کا ورک ویزا جاری کریں گے، جس پر چین کے سفیر نے ویزا میں سہولتوں پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان چین دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی جب کہ چینی شہریوں کے لیے ویزا سہولتیں، سی پیک منصوبوں سمیت معاہدوں پر بات چیت ہوئی۔
وزیر داخلہ نے کہا چینی شہریوں اور سی پیک منصوبوں سے متعلق نئی ویزا پالیسی منظور کی ہے، چینی شہریوں کے لیے نئے ویزا کی کم از کم مدت 2 سال کردی، چینی شہریوں کو 48 گھنٹے کے اندر 2 سال کا ورک ویزا جاری کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کے لیے سی پیک کے تحت الگ ویزا کیٹیگری بنادی، اس سلسلے میں چینی شہریوں کی سہولت کے لیے ایئرپورٹس پر ڈیسک قائم کیے جارہے ہیں۔
چین کے سفیر نے کہا، چینی شہریوں کے لیے ویزا میں سہولتوں پر حکومت کے بہت شکر گزار ہیں، ویزا سہولت سے تعلقات میں مزید اعتماد اور وسعت آئے گی اور منصوبوں میں سرمایہ کاری سمیت روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کورونا ویکسی نیشن مہیا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا، جس پر چین کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا کنٹرول کرنے کے لیے بہت اچھے انتظامات کیے، چینی یونیورسٹی کے طلبا کی واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلبا کے قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے، پاکستانی طلبا کی جلد سے جلد چین واپسی کے لیے پوری کوشش کریں گے، پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی باہمی اعتماد پر قائم ہے، پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے، اسے مزید مضبوط کریں گے۔
چین کے سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چین کا آئرن برادر ہے اور باہمی تعلقات پر ناز ہے۔