وزیراعلیٰ پنجاب معاملہ: حکمران اتحاد کا فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد: ایک بار پھر حکمران اتحاد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف کیس میں فل کورٹ کا مطالبہ کردیا۔
مریم نواز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس کے لیے آرہی تھی تو بہت سے لوگوں کے پیغامات آئے کہ آپ کی اپیل زیر التوا ہے آپ پریس کانفرنس نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں عدالتی فیصلے دیکھیں تو رونگٹے کھڑے کرنے والی داستان ہے، کسی بھی ادارے کی توہین باہر سے نہیں ادارے کے اندر سے ہوتی ہے، ایک غلط فیصلہ سارے مقدمے کو اڑا کر رکھ دے گا، ٹھیک فیصلہ کیا جائے تو تنقید کوئی معنی نہیں رکھتی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی جیت کے بعد تحریک انصاف والے سپریم کورٹ گئے، تحریک انصاف والوں نے رات میں عدالت عظمیٰ کی دیواریں پھلانگیں۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے کیس میں فل کورٹ بنایا جائے، کیونکہ میچ فکسنگ کی طرح بینچ فکسنگ بھی ایک جرم ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اس ملک میں جمہوری نظام چلے، ہمیں نظر آرہا ہے کہ کچھ لوگوں کو یہ ہضم نہیں ہورہا، آپ سے برداشت نہیں ہورہا ہے کہ عوام اپنے فیصلے خود کریں، آپ سے برداشت نہیں ہورہا کہ ملک جمہوریت کی طرف جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اور تمام اتحادی جماعتوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں فل کورٹ چاہیے، یہ نہیں ہوسکتا کہ صرف 3 شخص اس ملک کی قسمت کا فیصلہ کریں، یہ نہیں ہوسکتا کہ 3 لوگ فیصلہ کریں کہ ملک جمہوریت کے مطابق چلے گا یا سلیکٹڈ کے تحت چلے گا۔

CM PunjabFull court DemandGovt Alliance