کراچی: عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ گورننس میں بہتری کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے، لہٰذا جدید پاکستان کے لیے وفاق اور صوبے کی سطح پر گورننس میں بہتری لانا ہوگی۔
دی فیوچرسمٹ سے ویڈیولنک خطاب کے دوران مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ماضی کو سمجھے بغیر پیش رفت مشکل ہے، پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں سیاسی استحکام نہیں رہا اور کوئی بھی وزیراعظم اپنی مدت اقتدار پوری نہ کرسکا جب کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے اور سوال یہ ہے کہ وسائل سے مالامال ملک کے لوگ غریب کیوں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود پاکستانی معیشت نے مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں مالی امداد تقسیم کی اور کورونا صورت حال میں حکومت نے کاروباری برادری کے لیے خصوصی پیکیج دیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی برآمدات اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز ہے، برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات کیے، سستے قرضے دیے گئے اور گزشتہ سال 250 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے جب کہ اب حکومت نے انڈسٹری کے لیے سستی بجلی کا پیکیج دیا ہے، ملک میں اب اضافی بجلی رعایتی ٹیرف پر استعمال کی جاسکے گی، اب اگر صنعتوں کی اضافی پیداوار ہوگی تو معاشی ترقی میں بھی مدد ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ معیشت کی ترقی کے لیے سب کو مل کام کرنا ہے جب کہ گورننس میں بہتری کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے لہٰذا جدید پاکستان کے لیے وفاق اور صوبے کی سطح پر گورننس میں بہتری لانا ہوگی۔