نارتھ کیرولینا: ایک امریکی باشندے نے ویکسین سے احتراز کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے اپنے گھر کے باہر بلند و بالا ڈھانچہ نصب کیا ہے۔ اس پر ایک جملہ لکھا ہے جو گویا ڈھانچہ (مردہ) زندہ انسانوں سے کہہ رہا ہے۔ اس پر لکھا ہے: ’ ویکسین نہیں لگوائی، تم سے جلد ہی ملوں گا احمقو!‘
شمالی کیرولینا کے جیسی جونز نے اپنے گھر کے باہر ایک بڑا انسانی ڈھانچہ نصب کیا ہے جسے کووڈ 19 کے باوجود ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے ایک ’سخت پیغام‘ کہا جاسکتا ہے۔ اسے جیسی جونز نے اپنے گھر کی سجاوٹ کے طور پر استعمال کیاہے۔ ساتھ ہی اس نے ڈھانچے کی اطراف قبر کے کتبے بھی لگائے ہیں۔
ایک قبر کے کتبے پر ’یو وَیک‘ یعنی ویکسین نہیں لگوائی تھی لکھا گیا ہے۔ بقیہ کتبوں پر ’یہ افواہ نہیں‘، ’یوٹیوب میرا ڈاکٹر‘، اور میں نے ٹرمپ کی بات سنی تھی وغیرہ جیسے جملے کندہ کئے گئے ہیں۔
جیسی جونز ایک وکیل ہیں اور وہ لوگوں کی کووڈ 19 کے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں سے پریشان رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ویکسین لگوانے کے اپنے پیغام کو بھرپور انداز میں لوگوں تک پہنچانا چاہتے تھے۔ واضح رہے کہ خود ان کی ساس بھی کووڈ 19 سے فوت ہوچکی ہیں۔ ان کی ریاست نارتھ کیرولائنا میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے